اصلاحِ معاشرہ: ایک ناگزیر ضرورت

تحریر: فخرالزمان سرحدی

معاشرہ انسانی زندگی کا ایک بنیادی جزو ہے، جہاں افراد باہمی تعلقات، اقدار اور اصولوں کے تحت زندگی بسر کرتے ہیں۔ کسی بھی معاشرے کی خوبصورتی اس کے اخلاقی معیار، سماجی انصاف اور انسانیت کے احترام میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ جب یہ اقدار کمزور پڑنے لگیں تو معاشرہ زوال، بے چینی اور انتشار کا شکار ہو جاتا ہے۔ اسی لیے اصلاحِ معاشرہ ایک ناگزیر ضرورت بن جاتی ہے جس سے صرفِ نظر ممکن نہیں۔

اصلاحِ معاشرہ کی بنیاد اعلیٰ اخلاقی اقدار اور مثبت رویوں پر قائم ہوتی ہے۔ یہ عمل محض حکومتی سطح تک محدود نہیں بلکہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ جب تک افراد اپنی اصلاح پر توجہ نہیں دیتے، اجتماعی بہتری کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ معاشرتی اصلاح کا آغاز فرد کی ذات سے ہوتا ہے، جو گھر، محلے اور پھر پورے معاشرے تک پھیلتا ہے۔

تعلیم اور تربیت اس عمل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک تعلیم یافتہ اور باکردار فرد ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔ تعلیمی ادارے، اساتذہ اور والدین نئی نسل کی ذہنی و اخلاقی تربیت کے ذمہ دار ہیں۔ اگر نوجوان نسل کو صحیح رہنمائی اور مثبت سوچ فراہم کی جائے تو وہ معاشرے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ بصورتِ دیگر یہی نسل بگاڑ اور بے راہ روی کا شکار ہو کر معاشرے کے لیے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔

دینی تعلیمات بھی اصلاحِ معاشرہ کا ایک مضبوط ذریعہ ہیں۔ اسلام ہمیں عدل، انصاف، رواداری، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ مساجد اور دینی مدارس اس حوالے سے نہایت اہم ادارے ہیں، جہاں نہ صرف عبادات کی تعلیم دی جاتی ہے بلکہ اخلاقی تربیت اور سماجی ذمہ داریوں کا شعور بھی اجاگر کیا جاتا ہے۔ علماۓ کرام پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے علم و کردار کے ذریعے معاشرے کی اصلاح میں مؤثر کردار ادا کریں۔

معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے چینی، بداعتمادی اور عدم برداشت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ہمیں اپنے رویوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ ایک دوسرے کے ساتھ حسنِ سلوک، برداشت اور احترام کا رویہ اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جب افراد ایک دوسرے کے دکھ درد کو سمجھنے لگیں اور ایک دوسرے کا سہارا بنیں تو معاشرہ خود بخود امن اور سکون کا گہوارہ بن جاتا ہے۔

مزید برآں، میڈیا اور سوشل میڈیا کا کردار بھی نہایت اہم ہو چکا ہے۔ اگر ان ذرائع کو مثبت انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ اصلاحِ معاشرہ میں مؤثر ہتھیار ثابت ہو سکتے ہیں، بصورتِ دیگر یہ بگاڑ کو بھی فروغ دے سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم ان ذرائع کے استعمال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور مثبت پیغامات کو فروغ دیں۔

آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ اصلاحِ معاشرہ ایک مسلسل عمل ہے جو صبر، حکمت اور مستقل مزاجی کا تقاضا کرتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی ذات سے اس کا آغاز کریں، اچھے اخلاق کو اپنائیں، دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کریں اور محبت و اخوت کو فروغ دیں۔ اسی میں ایک مثالی، پرامن اور خوشحال معاشرے کی ضمانت پوشیدہ ہے۔